گملا،21/جولائی (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) وزیراعظم کہتے ہیں کہ ایک واقعے کے لیے ریاست کی تنقیدنہیں کی جاسکتی لیکن جھارکھنڈمیں متعددہجومی دہشت گردی ہوچکی ہے اوریہ سلسلہ جاری ہے۔جھارکھنڈ کے ضلع گملا کے سسئی تھانہ علاقہ کے نگل سسکاری گاؤں میں سماج دشمن عناصر نے چار افراد کو پیٹ پیٹ کر موت کے گھاٹ اتاردیا۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ تقریباً 10-12 کی تعداد میں مجرموں نے کل دیر رات نگل سسکاری گاؤں میں دھاوا بولا۔ اس کے بعدان مجرموں نے چامپا اوراؤں (62)، پھیری اوراؤں (60)، سنا اوراؤں (65) اورپھگنی دیوی (62) کو اپنے قبضے میں لے لیا اور انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔اس کے بعدمجرموں نے چاروں کو لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ کر کیمپ کررہے ہیں۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیاہے۔